اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے ایک ٹیلیفونی گفتگو میں ایران و گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جاری جوہری مذاکرات کی حتمی صورتحال کا جائزہ لیا ہے۔
محمد جواد ظريف اور فلپ ہیمنڈ نے ہفتہ کو اپنی گفتگو میں جوہری مذاکرات کے نتیجہ خیز ہونے کے راستوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کے وزیر خارجہ نے جمعہ کو پیرس میں فرانس کے وزیر خارجہ لوران فیبيوس سے بھی جوہری مذاکرات اور علاقائی اور دو طرفہ امور پر گفتگو کی تھی۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظريف نے بدھ کو جنیوا سے اپنے یورپی ممالک کا دورہ شروع کیا تھا اور جرمنی، بیلجیم اور فرانس کے دورے کے بعد دوبارہ سويزرلینڈ لوٹ گئے تھے۔ وہ ہفتے کو جنیوا سے تہران کے لئے روانہ ہوئے۔
انہوں نے جنیوا میں اپنے ہم منصب جان کیری کے ساتھ تین مرحلے کے مذاکرات کئے تھے اور جمعے کو پیرس میں دونوں کے درمیان چوتھے مرحلے کے مذاکرات ہوئے تھے۔ ہفتہ کو دونوں ممالک کے درمیان نائب وزیر خارجہ کے سطح کے مذاکرات چوتھے دن بھی منعقد ہوئے۔ ایران کے نائب وزراء خارجہ عباس عراقچي اور مجید تخت روانچي نے اسی کے ساتھ یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریكا موگريني کی معاون ہيلگا اشمد سے ہفتہ کی شام گفتگو کی۔ یہ مذاکرات ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جوہری مذاکرات کی رفتار کو تیز کرنے کے مقصد سے ہو رہی ہیں۔
.......
/169